جمعرات، 5 ستمبر، 2024

ایپل برائے تعاون - Request for Help




السلام علیکم: ایک درخواست لے کر حاضر ہوا ہوں، امید ہے کہ آپ تعاون فرمائیں گے۔ میں بالخصوص ان خیرخواہوں سے ملتمس ہوں جوبرسہابرس سےمیری زبردست قدردانی کرتےہیں اورگواہی دیتے ہیں کہ اس انقلابی تحریک کو چلانے میں میں پوری جانفشانی، ایمانداری اور للہیت کے ساتھ برسوں سے کام کررہا ہوں اوراپناپورا سرمایۂ حیات اس تحریک کےلئے لگاچکا ہوں، میرا سرمایہ ختم کےقریب ہے اس لئے مجھےاِس وقت کچھ اُدھارکی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہےکہ آپ مایوس نہیں کریں گے۔  


کوئی بھی تحریک ہو احباب کے تعاون کے بغیرزیادہ دن نہیں چل سکتی،اب یہ آپ کی آزمائش کاوقت ہےکہ آیا آپ میری واقعی دل سےقدرکرتےتھے یا محض مروّت اورہمت افزائی کی خاطر۔ میں جانتاہوں ادھارمانگنا کسی کوبھی شاک دینےکےبرابرہے، کیوں کہ آج ہرشخص پریشان ہے۔ حتٰی کہ جس کےپاس لاکھوں جمع ہیں وہ بھی اُتنا پریشان ہے جتنا پریشان وہ بیروزگاری کےدورمیں بھی نہیں تھا۔ حالانکہ آپ نےآج تک محض مروت میں بے شمار لوگوں کو کئی بار ادھار دیا، کہیں غلط اِنویسٹمنٹ بھی کیا، مگر آپ کو سوائے مایوسی کے کچھ واپس نہ آیا۔ لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کا ادھارمجھ سے نہ صرف پورا کا پورا واپس ملے گا بلکہ سود سے بھی کہیں زیادہ واپس مل جائے گا۔ 


میری اپیل بالخصوص میرےاُن این آرآئی دوستوں سے ہےجنہوں نے باہر رہ کر خوب کمایا بھی، پراپرٹیز بھی بنائیں۔ بے پناہ وقت ایمبیسی یا سی جی کے فنکشنس میں یا پھر دوست احباب کو دے دیا۔ اب وہ سارے این آراٗیز کس حال میں ہیں میں دیکھ رہا ہوں۔ کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ جوکچھ کمایا تھا اب وہ ان کے اختیار میں نہیں رہا۔ چیک بک پر بیوی کا اختیار ہے۔ جس پراپرٹی پر ناز تھا اس پر بیٹوں اور دامادوں کی نظر ہے بلکہ انتظار ہے کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خیر،  اِس سے پہلے کہ کسی دن اچانک یہ سرمایٔہ حیات پورا کسی کے حوالے ہوجائے،  میں اس میں سے بہت حقیر حصہ مانگ رہا ہوں، جو کہ آپ کو کئی گُنا زیادہ واپس بھی ملے گاانشااللہ۔ اور اگر آپ دے دیں گے تو یقین کیجئے نہ اس سے بیوی کے حق میں کوئی کمی ہوجائیگی اورنہ اولادوں کےحصے میں۔ 


میں خصوصی طور پر ان مقامی معزّز دوستوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں جو کسی نہ کسی عظیم مقصد سے جڑے ہوئے ہیں۔ کوئی سیاست میں لگا ہوا ہے تو کوئی خدمت خلق یا ایجوکیشن وغیرہ میں، کوئی کاروبار میں ڈوبا ہوا ہے تو کوئی مشوروں اور تبصروں کے انبار سرپراٹھائے گھوم رہا ہے۔ اور بے شمار وہ ہیں جو عقیدوں، مسلکوں اور فرقوں میں اتنے گم ہوچکے ہیں کہ انہیں خبر ہی نہیں کہ دشمن ان کی کتنی تیزی سے قبریں کھودرہا ہے۔ میری اِن تمام معزّزین سےدرخواست ہے کہ یقیناً آپ انسانیت کی بڑی عظیم خدمت میں اپنا قیمتی وقت لگا رہے ہیں، اگرمیرے کام کو بھی آپ انسانیت کی فلاح کا ایک چھوٹا سا، بہت ہی چھوٹا سا حصہ سمجھتے ہیں تو اپنے سرمایہ سے ایک حقیر سا حصہ مجھے بھی ادھار دے کر دیکھ لیجئے، انشااللہ آپ کو مایوسی نہیں ہوگی۔ 


میں جانتا ہوں ادھار کا لفظ کتنا گِراں گزرتا ہے۔ پتہ نہیں کتنا مانگے گا یہ سوچ کر ہارٹ اٹیک آنےلگتا ہے۔ ہرایک کے پاس لاکھوں موجود ہوتے ہوئے بھی اتنے مسائل ہیں کہ اُسے ان مسائل کے آگے قوم کے سارے مسائل بھی چھوٹے نظرآتے ہیں۔ ایسے وقت میں علیم خان جیسا شخص اگر کچھ اُدھار مانگ لے اور واپس کرنے کا وعدہ کرے تو لوگوں کو ہیراگولڈ جیسے واقعات یاد آنے لگتے ہیں۔ 


اس لئے آپ کی غلط فہمی دور کردوں کہ مجھے آپ سے پیسے اُدھار نہیں چاہئے۔ مجھے آپ کے سرمایہؐ حیات سے کچھ وقت ادھار چاہئے۔ صرف آٹھ دن یا پندرہ دن دے دیں یہی بہت بڑا ادھار ہے۔ اور دینا ناممکن بھی نہیں ہے۔ آپ نے کئی کئی سال ان لوگوں کو دیئے جن سے آپ کو کچھ ملا ہے نہ ملے گا۔ ہاں اگر کچھ دن مجھے ادھار عنایت فرمادیں تو میں آپ کو ارتغرل بنانے کا وعدہ تو نہیں کرسکتا، البتہ پیغمبرﷺ کی اس بشارت کو یاد دلاسکتا ہوں جو انہوں نے بحرین کےایک بدّو صحابیؓ کو دی تھی، فرمایا تھا کہ تمہیں خلافت فی الارض ملے گی۔ خلافت فی الارض کا خواب ایک بار آپ سچے دل سے دیکھ لیں تو آپ کی نسلیں اس کی تعبیر لائیں گی پھر آپ کے بچے پوتے نواسے آج کے اکثریتی مسلمانوں کی طرح رحم اور انصاف کی بھیک مانگنے والی اقلیت نہیں بنیں گےبلکہ وہ امت ابراہیمی کے لیڈر بنیں گےجس کا وعدہ ابراہیم ؑ سے کیا گیا ’’قال انی جاعلک للناس اماما‘‘ یعنے ہم تم کو تمام انسانوں کی امامت یعنی لیڈرشپ عطا کرتے ہیں۔ 


اگر آپ اپنا کچھ وقت قرض یا ادھار دینے تیار ہیں تو میرا اکاؤنٹ نمبرہے 9642571721 جو کہ آپ کے موبائل میں موجود ہے۔ ناچیز آپ سے صرف ایک منٹ کے فاصلے پر ہے۔


علیم خان فلکی 

صدر سوشیوریفارمس سوسائیٹی آف انڈیا، حیدرآباد

4th September, 2024

پانچ ستونوں سے آگے۔ تیسری قسط - کیا پاؤور حاصل کرنے کی کوشش کرنا غلط ہے؟

پانچ ستونوں سے آگے کی تیسری قسط پیشِ خدمت ہے۔ لوگوں کے ذہنوں میں دین کا  تصوّر صرف  نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور عمرے کے اطراف گھومتا ہے۔ انہی...